وُضو کی ضرورت اور فضیلت

وُضو کی ضرورت اور فضیلت

0
9473

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیۡمِ

نماز کے لئے وضو ایسی ضروری چیز ہے که اسکے بنا نماز ہوتی ہی نہیں بلکہ جان بوجھ کر بغیر وضو نماز ادا کرنے کو علما کفر لکھتے ہیں۔ یہ اسلئے که اس بے۔وضو  یا  بے۔غسل نماز پڑھنے والے نے عبادت کی بے۔ادبی اور توہین کی۔ نبی کریم گ نے فرمایا ہے که جنت کی کنجی نماز ہے اور نماز کی کنجی طہارت ہے۔ قرآن اور حدیث میں وضو کے بہت سے فضائل بیان ہوئے ہیں۔

 اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے۔

یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِذَا قُمْتُمْ اِلَی الصَّلٰوۃِ فَاغْسِلُوۡا وُجُوۡہَکُمْ وَاَیۡدِیَکُمْ اِلَی الْمَرَافِقِ

وَامْسَحُوۡا بِرُءُ وۡسِکُمْ وَ اَرْجُلَکُمْ اِلَی الْکَعْبَیۡنِ ؕ

(اے ایمان والو جب تم نماز پڑھنے کا ارادہ کرو تو اپنے مونھ اور کُہنیوں تک ہاتھوں کو دھوؤ

اور سروں کا مسح کرو اور ٹخنوں تک پاؤں  دھوؤ۔)

وضو کی فضیلت میں کچھ احادیث

  • حضور اقدس گ ارشاد فرماتے ہیں۔

قیامت کے دن میری اُمّت اس حالت میں بلائی جائے گی کہ مونھ اور ہاتھ پاؤں آثارِ وُضوسے چمکتے ہوں گے تو جس سے ہو سکے چمک زیادہ کرے۔

(امام بُخاری وا مام مسلِم ابوہریرہ ؓ سے راوی)

  • حضور سیّدِ عالم گ نے صحابہ کِرام سے ارشاد فرمایا۔

کیا میں تمہیں ایسی چیز نہ بتادوں جس کے سبب اللّٰہ تعالیٰ خطائیں معاف فرما دے اور درجات بلند کرے۔ عرض کی ہاں یا رسول اللّٰہ! فرمایا: جس وقت وُضو ناگوار ہوتا ہے اس وقت وضوئے کامل کرنا اور مسجدوں کی طرف قدموں کی کثرت اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار، اس کا ثواب ایسا ہے جیسا کفار کی سرحد پر اسلام شہروں کی حمایت کے لیے گھوڑا باندھنے کا۔

(صحیح مسلِم میں ابوہریرہؓ سے مروی )

  • رسول ا للّٰہ گ فرماتے ہیں کہ ۔مسلمان بندہ جب وُضو کرتا ہے تو کُلّی کرنے سے مونھ کے گناہ گر جاتے ہیں اور جب ناک میں پانی ڈال کر صاف کیا تو ناک کے گناہ نکل گئے اور جب مونھ دھویا تو اس کے چِہرہ کے گناہ نکلے یہاں تک کہ پلکوں کے نکلے اور جب ہاتھ دھوئے تو ہاتھوں کے گناہ نکلے یہاں تک کہ ہاتھوں کے ناخنوں سے نکلے اور جب سر کا مسح کیا تو سر کے گناہ نکلے یہاں تک کہ کانوں سے نکلے اور جب پاؤں دھوئے تو پاؤں کی خطائیں نکلیں یہاں تک کہ ناخنوں سے پھر اس کا مسجد کی کو جانا اور نماز اس سے بھی زیادہ۔

(اِمام مالِک و نَسائی عبداللّٰہؓ   سے راوی)

  • رسول ا للّٰہ گ نے فرمایا۔ جو سَخْت سردی میں کامل وُضو کرے ا س کے لیے دونا ثواب ہے۔

( طَبَرانی نے اوسط میں حضرت امیر المومنین مولیٰ علی کرم اللّٰہ ٰ وجہہ سے روایت )

  • رسول ا للّٰہ گ نے فرمایا:۔

تم میں سے جو کوئی وُضو کرے اور کامل وُضو کرے پھر پڑھے۔

اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ 

 اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیے جاتے ہیں جس دروازے سے چاہے داخِل ہو۔

( مسلِم میں حضرتِ امیر المومنین فاروقِ اعظم عُمر بن خَطّابؓ سے روایت)

  • رسول ا للّٰہ گ نے فرمایا:۔ جو شخص وُضو پر وُضو کرے اس کے لیے دس نیکیاں لکھی جائیں گی۔

 ( تِرمذی نے حضرتِ عبدُاللّٰہ  بن عمر ک سے روایت )

  • رسول ا للّٰہ گ نے فرمایا:۔

جس نے بسم اللّٰہ نہ پڑھی اس کا وُضو نہیں یعنی کامل وضو نہیں ۔

(تِرمذی و ابنِ ماجہ سعید بن زید ک سے راوی)

  • عبدُ اللّٰہ بن بُرَیدہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں:” ایک دن صبح کو حضورِ اقدس گ نے حضرتِ بِلال کوبلایا اور فرمایا:” اے بِلال کس عمل کے سبب جنت میں تو مجھ سے آگے آگے جارہا تھا میں رات جنت میں گیا تو تیرے پاؤں کی آہٹ اپنے آگے پائی۔” بِلال ؓ نے عرض کی: ”یا رسول اللّٰہ! میں جب اذان کہتا اس کے بعد دو رکعت نماز پڑھ لیتا اور میرا جب کبھی وُضو ٹوٹتا وُضو کر لیا کرتا۔ حضو ر گ نے فرمایا اسی سبب سے۔

(ابنِ خُزیمہ اپنی صحیح میں راوی)

قرآن پاک اور احادیث میں بیان کئے گئے وضو کے فضائل پڑھنے کے بعد وضو کی اہمیت اور اس سے حاصل ہونے والے اجر و ثواب کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے اور جو شخص ہمیشہ باوضو رہتا ہے تو اللّٰہ تعالیٰ اسے سات خصلتوں کی عزت بخشتا ہے۔

  • فرشتے انکے ساتھ رہنا پسند کرتے ہیں۔
  • اعمال لکھنے والے فرشتے اسکا سارا وقت عبادت میں لکھتے رہتے ہیں۔
  • بدن کے تمام حصے تسبیح کرتے ہیں۔
  • جماعت میں اسکی پہلی تکبیر کبھی نہیں چھوٹتی۔
  • فرشتے اسکی حفاظت کرتے ہیں۔
  • اللّٰہ تعالیٰ جان نکلنے کے وقت کی مشکل کو آسان فرماتا ہے۔
  • جب تک وضو رہے اللّٰہ تعالیٰ کی امان میں رہتا ہے۔

NO COMMENTS